بلوچستان: رواں سال نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ جاری رہی، 1300 سے زائد ضبط

Published On 28 December,2021 11:58 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) رواں سال بلوچستان میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ جاری رہی، کسٹم اور پولیس نے کوئٹہ سمیت صوبے بھر سے 13 سو سے زائد غیر قانونی گاڑیاں قبضے میں لیں، کارروائیوں کے باوجود صوبے میں لاکھوں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں چلائی جا رہی ہیں۔

بلوچستان کی سرحد افغانستان سے لگنے کی وجہ سے یہاں افغانستان سے سمگل ہوکر آنے والی بے شمار غیر قانونی گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں دکھائی دیتی ہیں، ان نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف وقتا فوقتا نہ صرف صوبائی دارالحکومت کوئٹہ بلکہ صوبے بھر میں کارروائیاں کی جاتی ہیں، رواں سال کسٹم، پولیس، ایف سی اور کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 1350 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں قبضے میں لی گئیں جن کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے۔

بلوچستان میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خاتمے کے لیے کسٹم اور پولیس کی کاروائیاں کوئٹہ میں اکثر دیکھی جاتی ہیں، شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ان غیر قانونی گاڑیون کو بارڈر سے ہی روک دیا جائے تو ان میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں گاڑیوں کی سمگلنگ کی روک تھام کے خاطر خواہ اقدامات نہ کیے جانے کے باعث قومی خزانے کو ٹیکس کی مَد میں سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچتا ہے جس کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
 

Advertisement