فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں سال 2021 میں بھی پولیس کی کارکردگی مایوس کُن رہی، بڑھتی ہوئی ڈکیتی، چوری اور راہزنی کی وارداتوں سمیت دیگر جرائم کی شرح میں اضافے سے شہریوں کی قیمتی جان و مال غیر محفوظ ہوکر رہ گئی۔
صنعتی شہر فیصل آباد سال 2021 میں بھی ڈاکووں، چوروں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر رہا، پولیس کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات بھی وارداتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کارگر ثابت نہ ہوسکے۔ سال بھر میں ڈکیتی اور راہزنی کی 3600 سے زائد وارداتیں ہوئیں، چوری کے 1500 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ مختلف واقعات میں قتل کے 350 سے زائد اور اقدام قتل کے 420 سے زائد مقدمات رجسٹرڈ ہوئے، جرائم کی بڑھتی ہوئے شرح کی وجہ سے شہریوں کی قیمتی جان و مال بھی غیر محفوظ رہیں۔
سال 2021 میں بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کے واقعات بھی عروج پر رہے، خواتین اور بچوں کو جنسی زیادتی کا شکار بنانے کے 1300 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے۔ سٹی پولیس آفیسر کا دعوی ہے کہ جرائم کی شرح کو کنٹرول کرنے کیلئے بہتر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
سال 2021 میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کے دوران 20 سے زائد افراد کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ بھی اتار دیا گیا۔ بڑھتی ہوئی وارداتوں کی وجہ سے خوف و ہراس کا شکار بنے شہری گھروں سے باہر نکلنے سے بھی گریزاں ہیں۔