ٹی 20پلیئر آف دی ایئر کی نامزدگیاں،محمد رضوان بھی شامل

Published On 29 December,2021 04:46 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)ٹیسٹ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) کی جانب سے ٹی 20پلیئر آف دی ایئر کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں قومی ٹیم کے بیٹسمین محمد رضوان بھی شامل ہیں۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) نے 2021 کے 4بہترین کھلاڑیوں کو نامزد کیا ہے جن میں سے کسی ایک کو اس ایوارڈ کا حقدار قرار دیا جائے گا۔

پلیئر آف دی ایئر کے لیے نامزد دیگر کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے جوز بٹلر، سری لنکا کے ہسارنگا اور آسٹریلیا کے مچل مارش اور پاکستان کے محمد رضوان کے نام بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ محمد رضوان ٹی 20انٹرنیشنل کے ایک کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔

قبل ازیں آئی سی سی نے ویمن کرکٹر آف دی ائیر کی نامزدگیوں کا اعلان کیا، پاکستانی کرکٹر فاطمہ ثناء کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

نامزد کی جانے والی دیگر خواتین کرکٹرز میں انگلینڈ کی ٹیمی بیومونٹ، آسٹریلیا کی اوزیلی، ویسٹ انڈیز کی ہیلے میتھیوز بھی شامل ہیں۔

گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی سال 2021 کے لئے کی گئی بہترین ٹیسٹ کرکٹرز کی نامزدگیوں میں کسی بھی پاکستانی کو شامل نہ کئے جانے پر سوالات اٹھنے شروع ہوگئے ۔

سال 2021اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے اور اسی تناظر میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل(آئی سی سی )نے ٹیسٹ پلیئرز آف دی ایئر کے لیے 4کھلاڑیوں کو نامزد کیا ہے جس میں بھارتی سپنر روی چندر ایشون بھی شامل ہے۔ایشون کو اس سال 8 میچز میں 52 وکٹیں لینے اور سنچری کے ساتھ 337 رنز بنانے پر نامزد کیا گیا تھا۔

شائقین کرکٹ کی جانب سے آئی سی سی کے جانبدارانہ رویے پر تنقید کی جارہی ہے کہ کسی بھی پاکستانی کو اس فہرست میں شامل کیوں نہیں کیا گیا۔

اس کے علاوہ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ بھی ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر کی فہرست میں شامل ہیں جنہوں نے 15 میچز میں 1708 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 6 سنچریاں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے 9ٹیسٹ میچ کھیل کر 17اعشاریہ 06کی اوسط سے 47وکٹیں حاصل کررکھی ہیں مگر حیران کن طور پر ان کا نام اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن کو بھی نامزد کیا گیا ہے جنہوں نے 5 میچز میں 27 وکٹیں حاصل کیں اور 105 رنز بھی بنائے۔

فہرست میں چوتھا اور آخری کھلاڑی سری لنکا کے بیٹر دیموتھ کرونارتنے ہیں جنہوں نے 7 میچز میں 902 رنز بنائے اور 4 سنچریاں سکور کیں۔

خیال رہے کہ پلیئر آف دی ایئر کا انتخاب ووٹوں کے ذریعے ہوگا جس میں شائقینِ کرکٹ سال کے بہترین کھلاڑی کا انتخاب کریں گے۔
 

Advertisement