اسلام آباد:(دنیا نیوز)دعوؤں اور وعدوں کے باجود حکومت 2021 کے دوران بھی مہنگائی پر قابو نہ پا سکی، آٹا ،گھی ،چینی اور دالیں کئی گنا مہنگی ہوئیں جبکہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں ایک سال کے دوران 1022 روپے کا اضافہ ہوا۔
سال 2021 میں مہنگائی نے شہریو ں کا جینا دوبھر کر دیا، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 200 روپے ،گھی 143 روپے فی کلو تک مہنگا ہوا جبکہ دالیں بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئیں۔۔
سرکاری اعد اد و شمار کے مطابق چینی 7روپے 53 پیسے فی کلو مہنگی ہوکر اوسط قیمت 91 روپے سے زا ئد رہی تاہم عام مارکیٹ میں چینی 140 روپے کلو فروخت ہوتی رہی ،آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1174 روپے ،مٹن 163روپے ، بیف 100روپے جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1022 روپےمہنگا ہوا۔
ایک سال میں بجلی 3 روپے40 پیسے مہنگی ہوکر فی یونٹ قیمت 7 روپے 45 پیسے ہوگئی، تازہ دودھ 9 روپے13 پیسے فی لٹر، دہی 11 روپے ، دال مسور52روپے86 پیسے فی کلو ، دال چنا 17 ، لہسن 43روپے 84 پیسے فی کلو اور گڑ ساڑھے 13 روپے کلو مہنگا ہوا۔
دوسری جانب ایک سال میں دال ماش 42 روپے59 پیسے اور دال مونگ 56 روپے 20 پیسے فی کلو سستی ہوئی، انڈے21 روپے درجن ، ٹماٹر 11روپے جبکہ پیاز 7 روپے فی کلو سستاہوا۔