لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت نیا پاکستان صحت کارڈ پنجاب کے ہر شہری کو ملے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ عثمان بزدار نے صوبے میں جاری ہیلتھ پراجیکٹس کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شعبہ صحت میں جاری منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو علاج معالجے کی سہولت میں بہتری آئے گی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان صحت کارڈ کا اجراء جنوری سے لاہور ڈویژن سے کیا جا رہا ہے، 31 مارچ تک نیا پاکستان صحت کارڈ راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، گوجرانوالہ اور سرگودھا ڈویژن میں بھی لانچ کر دیا جائے گا، یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر 3 برس میں تقریباً 400 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخ ساز فلاحی اقدام ہے، نیا پاکستان صحت کارڈ کے ذریعے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک سالانہ مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی، صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانا حکومت کی پہلی ترجیح ہے، ہیلتھ کیئر سسٹم کے روایتی نظام کو بدلنے کیلئے اصلاحات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے، لاہور میں 3 نئی سٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسیز بنائی جائیں گی۔