گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ سیالکوٹ کیس میں گرفتار 85 ملزمان کو تفتیش کے لئے مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
ٹھانہ اگوگی سیالکوٹ پولیس نے سخت سکیورٹی میں 85 ملزمان فرحان وغیرہ کو ہتھکڑیاں لگا کر انسداد دہشت گردی گوجرانوالہ ڈویژن کی خصوصی عدالت کی جج نتاشہ نسیم سپرا کی عدالت میں پیش کیا اور ملزمان سے تفتیش اور برآمدگی کے لئے مزید 15روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی۔ فاضل جج کی ہدایت پر ملزمان کی حاضری لگائی گئی۔ عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے 85 ملزمان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا اور انہیں 17 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
ملزمان کا جسمانی ریمانڈ لینے کے بعد پولیس ملزمان کو دو قیدی گاڑیوں میں سوار کروا کر واپس سیالکوٹ لے گئی۔ ملزمان کی پیشی کے وقت عدالت کے باہر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے، بڑی تعداد میں ملزمان کے عزیز رشتہ دار انہیں ملنے کے لئے عدالت کے باہر موجود تھے۔ ملزمان وین کی گاڑیوں سے ان کے نام پکار کر تسلی دیتے رہے ۔ ملزمان کے خلاف تھانہ اگوکی سیالکوٹ کے علاقہ میں فیکٹری منیجر پریانتھا کے سفاکانہ قتل کا مقدمہ درج ہے۔