صدر کی سانحہ سیالکوٹ کے ہیرو ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کی منظوری

Published On 27 December,2021 04:53 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سانحہ سیالکوٹ کےہیروملک عدنان کوتمغہ شجاعت دینےکی منظوری دے دی ہے۔

سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پرانتھا کمارا کو ہجوم سے بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو صدر مملکت کی جانب سے 23مارچ 2022کو تمغہ شجاعت عطا کیا جائے گا۔

ملک عدنان کو صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نےآرٹیکل(2) 259 کےتحت سول ایوارڈدینےکی منظوری دی۔
 خیال رہے کہ رواں ماہ ہی سانحہ سیالکوٹ سے متعلق تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو تعریفی سند سے نوازا تھا۔

سیالکوٹ میں قتل ہونے والے سری لنکن شہری کی یاد میں وزیراعظم آفس اسلام آباد میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔ تقریب میں پریانتھا کمارا کے خاندان، سری لنکن حکومت اور عوام کےساتھ اظہار تعزیت کی گئی۔

تقریب میں وفاقی وزرا، سری لنکن ہائی کمشنر اوردیگر نے شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ملک عدنان کو تعریفی سند سے نوازا گیا تھا۔

اس موقع پر خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ مذہب کی آڑ میں تشدد کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، یہ کس معاشرے میں ہوتا ہے خود الزام لگاؤ، خود جج بن جاؤ۔

ان کا کہنا تھاکہ آج سارے پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اب ایسے واقعات نہیں ہونے دیں گے، تاجر برادری نے پریانتھا کے خاندان کے لیے ایک لاکھ ڈالرجمع کیے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ملک عدنان نے جس طرح جان بچانے کی کوشش کی اس پر فخر ہے۔

وزیراعظم آفس میں ملک عدنان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس دن میرا جذبہ یہی تھا کہ کسی طرح سری لنکن شہری کو بچا لوں، چاہتا تھا کہ کوئی ایسا واقعہ نہ پیش آ جائے کہ ملک کا نام خراب ہو۔

انہوں نے کہا تھا کہ شاید یہ قتل قوم کے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ ہو، یہ واقعہ پاکستان کی سوچ کو بدل دے گا، سوچ بدلے گی تو آنے والی نسل کی بہتر پرورش ہو گی۔

 

Advertisement