لاہور:(دنیا نیوز)صوبائی دارالحکومت میں شاہدرہ ٹاؤن کے علاقہ میں فائرنگ سے 27سالہ نوجوان کو قتل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی 27 سالہ عدنان عرف بھولا کے نام سے شناخت ہوئی جوکہ عزیز کالونی شاہدرہ کا رہائشی اور مقامی گینگ کا شوٹر تھا جبکہ مقتول کو نامعلوم ملزمان نے پرانا بس سٹاپ کے قریب فائرنگ کر کے قتل کیا۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے 30 بور کا پستول بھی ملا ہے، مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ذاتی عداوت کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب عدنان عرف بھولا کے قتل کے معاملے کا سی سی پی او فیاض احمد دیو نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
ایس پی سٹی کے مطابق سی سی پی او لاہور نے نوجوان کے قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے ، سینئر پولیس افسران،فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور قاتلوں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔