ملتان: (دنیا نیوز) ملتان ریجن میں بچوں کے اغواء اور زیادتی کے واقعات کافی حد تک بڑھ گئے ہیں جبکہ 9 بچے اغوا ہونے پر والدین کی اکثریت خوف میں مبتلا ہو چکی ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ملتان ریجن میں گزشتہ سال 178 بچے اغواء ہوئے جن میں سے 159 کو بازیاب کرایا گیا تاہم 90 بچوں سے زیادتی کی گئی اور 8 بچوں کو بد فعلی کے بعد قتل کیا گیا جبکہ موجودہ صورتحال میں رواں سال اب تک 9 بچےاغواء ہونے کے واقعات رونما ہو چکے ہیں اسی لئے اغواء کی وارداتیں بڑھنے کے حوالے سے والدین کی اکثریت ہی پریشان ہے ۔
پولیس حکام کا موقف ہے کہ اغواء کی وارداتوں کو روکنے کے لئے ڈولفن اور محافظ سکواڈ کی پٹرولنگ موثر کر دی ہے تاہم زیرو کرائم کے سلسلے میں تاحال مشکلات درپیش ہیں جس کے لئے والدین کو بھی احتیاط سے کام لے کر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
صرف اغواء ہی نہیں بلکہ شہر میں چوری ، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتیں بھی بڑھ چکی ہیں جس پر تاجر اور شہری دونوں ہی پولیس حکام کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔