مظفرآباد: (دنیا نیوز) مظفرآباد میں پولیس نے بین الاضلاعی گاڑیوں کی چوری کی وارداتوں میں ملوث گینگ کے کارندے دھر لیے ہیں جبکہ ملزمان سے شہر کے مختلف علاقوں سے چوری کی گئی گاڑیاں بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔
آزاد کشمیر سمیت پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے علاقوں میں چوری کی وارداتوں میں ملوث کار لفٹر گینگ کے اہم اراکین پولیس کے ہتھے چڑھ گئے ہیں۔ گزشتہ ماہ تھانہ صدر پولیس کی حدود سے چوری ہونے والی گاڑی کی تلاش میں پولیس ملزمان تک پہہنچی تو دیگر درجنوں وارداتوں کی گتھی بھی سلجھ گئی۔
گرفتار ملزمان نہ صرف آزادکشمیر بلکہ ملک کے مختلف علاقوں میں چوری کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب ہیں جبکہ پولیس کی حالیہ کارروائی کو شہری بھی تسلی بخش قرار دیتے ہیں۔
پولیس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تحقیق و تفتیش کے بعد اگلے مرحلے میں مزید کارروائیاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔