مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں خاتون سمیت دو افراد کو زخمی کرنے والے تیندوے کو شہریوں نے مار ڈالا۔
جہلم ویلی کے گاؤں سرائی میں تیندوے نے آبادی کا رخ کیا جہاں مبینہ طور پر تیندوے کے حملے میں خاتون سمیت دو افراد معمولی زخمی ہوئے جنہیں مقامی ہسپتال میں طبی امداد دی گئی۔
وائلڈ لائف کے عملے کی تاخیر کے باعث مقامی لوگوں نے تیندوے کو خود ہی قابو کیا۔ نایاب نسل کے تیندوے کو رسیوں سے باندھ کر کھینچا جاتا رہا جس کے باعث تیندوا بھی مارا گیا۔
وائلڈ لائف کے حکام کا کہنا ہے کہ عملہ موقع پر پہنچا تو تیندوا پہلے ہی مارا جاچکا تھا تیندوے کا مظفرآباد میں پوسٹ مارٹم کا عمل مکمل کیا گیا ہے مکمل رپورٹ آنے کے بعد مزید کاروائی کی جاسکے گی۔