لاہور: (دنیا نیوز) آزادکشمیر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو حکومت کا ظالمانہ اقدام قرار دیا جارہا ہے تو شہری ممکنہ طور آنے والے مہنگائی کے طوفان سے بھی خائف ہیں۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر آزاد کشمیر کے شہری مہنگائی کیخلاف دہائیاں دے رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ راتوں رات 12 روپے سے زائد کا پٹرول کی قیمت میں اضافہ حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ پٹرول بم تبدیلی سرکار کے دعووں اور عوام سے کئے گئے وعدوں کے بر خلاف اقدام ہے۔ شہریوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ کھانے پینے کی اشیاء، گاڑیوں کے کرائے سمیت سبھی کچھ مہنگا ہوجاتا ہے تو نئے مہنگائی کے طوفان سے نمٹنے کے لئے حکومت کوئی پلان پیش نہیں کر سکی۔