پشاور: (دنیا نیوز) پشاورمیں پولیس نے کارروائی کے دوران صوبے بھرمیں سرگرم خطرناک خونی راہزن گروہ کے تین کارندوں کو گرفتارکرلیا، پولیس کی وردیاں، گاڑیوں کے ٹریکنگ سسٹم کو جیم کرنے والے جیمر، نمبرپلیٹس، پاسپورٹس اور مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اورموٹر سائیکل برآمد کر لیے گئے۔
ایس ایس پی آپریشن ہارون رشید کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پشاور سمیت صوبہ بھر میں سرگرم خطرناک خونی راہزن گروہ کے تین کارندوں کو گرفتار کیا گیا، گرفتارملزمان پولیس وردی میں رہزنی کی وارداتیں کرتے تھے، ملزموں سے پولیس کی وردیاں، گاڑیوں کے ٹریکنگ سسٹم کو جیم کرنے والےجیمر،متعدد نمبرپلیٹس، متعدد شناختی کارڈز،پاسپورٹس مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئے ۔
گرفتار ملزمان پشاور، نوشہرہ اور دیگراضلاع میں11 مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان میں خونی راہزنی میں ملوث ملزم بھی شامل ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش دیگر ساتھیوں کی نشاندہی کی ہے جن کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات سمیت دیگر ریکوری کی توقع ہے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران ڈکیتی، راہزنی اور چوری میں ملوث 114 ملزمان گرفتار ہوئے، مجموعی طور پر 22 گروہوں کو گرفتار کیا گیا، کارروائیوں کے دوران ملزمان سے 18 گاڑیاں، 17 لاکھ روپے سے زائد رقم، 111 موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے۔
کارروائیوں کے دوران مختلف جرائم میں ملوث 1500 سے زائد ملزمان اور 692 اشتہاری ملزمان گرفتار ہوئے، 52 کلاشنکوف، 8 کالا کوف، 85 رائفل ، 15 بندوق، 768 پستول، 24 ہزار سے زائد کارتوس، 20کلو آئس ، 253 کلو چرس، 163کلو افیون اور24 کلو ہیروئن بھی برآمد کی گئی۔