کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں الفلاح پولیس نے شمسی سوسائٹی میں بیوی اور 3 بیٹیوں کو قتل کرنے والے ملزم شوہر کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے اہلخانہ سے درخواست کی تھی کہ وہ مقتولہ کے شوہر فواد کے خلاف مقدمہ درج کرائیں تاہم انھوں نے عدم دلچسپی کا اظہار کیا۔
پولیس نے بیوی اور 3 بیٹیوں کو قتل کرنے کے بعد اقدام خودکشی کرنے والے ملزم شوہر کے خلاف اے ایس آئی احمد مغل کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔
مقدمے میں قتل کی دفعہ 302 اور اقدام خودکشی کی دفعہ 325 کو شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے ملیر شمسی سوسائٹی میں شوہر نے اپنی بیوی اور3 بیٹیوں کو بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت ہما، 10 سالہ ثمرہ، 12 سالہ فاطمہ اور 16 سالہ نیہا کے ناموں سے ہوئی۔ جبکہ فواد کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔