قصور : (دنیا نیوز ) تھانہ مصطفی آباد کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران انتہائی خطرناک دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتارکرلیے گئے ۔
ڈسٹرکٹ پولیس قصور کے مطابق عمران نامی شہری نے 15پر پولیس کو اطلاع دی کہ 8 ڈاکو موٹرسائیکل، نقدی رقم اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے ہیں، جس پر تھانہ مصطفی آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے وہیگل کے قریب ناکہ بندی کی، ڈاکوؤں نے پارٹی کو دیکھ کر مختلف اطراف سے سیدھی فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی اپنی فائرنگ سے دو ملزمان زخمی ہو گئے جن سے چھینی گئی موٹرسائیکل، نقدی رقم، موبائل فون اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
ڈاکوؤں کی شناخت عبدالحمید اور آصف کے ناموں سے ہوئی ہے ، دونوں ڈاکو قصور کے مختلف تھانوں کو ڈیڑھ درجن سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھے۔
ملزمان کے ساتھی ڈاکوؤں کو بھی شناخت کرلیا گیا ، جن کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔