اے این ایف کا منشیات سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن، 10 ملزمان گرفتار

Published On 12 September,2023 10:13 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے منشیات سمگلنگ کے خلاف 5 کارروائیوں کے دوران 134 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر کے 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

انسداد منشیات فورس نے کوٹ عبدالمالک انٹرچینج ملتان کے قریب کار سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کیں، دوران تلاشی گاڑی سے 72 کلو چرس، 48 کلو افیون، 3 کلو آئس اور 1 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی، کار سوار پشاور کے رہائشی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

لاہور میں رینجرز کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 4 کلو 650 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، نیازی بس سٹاپ لاہور کے قریب خانیوال کے رہائشی ملزم سے 2.4 کلو چرس اور 1.2 کلو افیون برآمد کی گئی جبکہ ملتان میں مسافر بس میں سوار ملزم سے 1 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔

مزید برآں اے این ایف نے ڈی جی خان میں کارروائی کے دوران گاڑی سے 1 کلوگرام آئس برآمد کی، دوران کارروائی قلعہ عبداللہ اور پشاور کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ذرائع انسداد منشیات فورس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔