لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس نے رواں برس بیرون ملک مفرور ہونے والے 116 اشتہاریوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس نے سعودی عرب مفرور اشتہاری کو وطن واپسی پر گرفتار کیا ہے، فراڈ کے مقدمہ میں پنجاب پولیس کو مطلوب اشتہاری عبدالجبار سعودی عرب فرار ہوگیا تھا، پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کروایا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اشتہاری عبدالجبار کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطرناک اشتہاری کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شاباش دی اور کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ قتل، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان سمیت مختلف سنگین جرائم میں ملوث بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کا تعاقب جاری رکھا جائے، مدعیوں کے ساتھ قریبی رابطے اور مؤثر فالو اپ سے تمام اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے بھرپور کاوشیں کی جا رہی ہیں۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں اور رپورٹس باقاعدگی سے بھجوائیں۔