اے این ایف کا کریک ڈاؤن : 118 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد، 4 ملزمان گرفتار

Published On 27 September,2023 10:48 am

راولپنڈی : (دنیانیوز ) انسداد منشیات فورس ( اے این ایف) نے منشیات سمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران 5 کارروائیوں میں 118 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کرکے 4 ملزمان گرفتارکرلیے۔

اے این ایف ترجمان کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر غیر ملکی خاتون کے پیٹ سے 86 کوکین بھرے کیپسول برآمد کیے گئے، برآمدہ کیپسولوں سے1کلو گرام کوکین برآمد کر لی گئی ، مذکورہ خاتون مشرقی افریقہ کے ملک برونڈی سے کراچی پہنچی تھی۔

شکار پور سکھر کے قریب قمبر شہداد کوٹ کے رہائشی ملزم سے 7 کلو چرس برآمدکی گئی، رنگ روڈ پشاور پر گاڑی کے خفیہ خانوں سے 24 کلو چرس اور 18 کلو افیون برآمدکی گئی۔

اس موقع پر نارووال کا رہائشی ملزم منشیات پنجاب سمگل کرنے کی کوشش میں گرفتارکیاگیا، واپڈا ٹاؤن لاہور کے قریب کارروائی کے دوران نجی کوریئر کمپنی کا مالک گرفتارکیا گیا ،  ملزم کی گاڑی میں موجود پارسل سے 3 کلو 612 گرام آئس برآمدہوئی ۔ 

آئس مہارت کے ساتھ پی آر سی پائپس کی فٹنگ میں چھپائی گئی تھی ، ملزم نے بیرون ملک منشیات سمگلنگ کیلئے سمگلروں کو سہولیات فراہم کرنے کا اعتراف کرلیا۔

گوادر کے غیر آباد علاقے میں سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 65 کلو چرس برآمد کی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں ۔