کراچی: (دنیا نیوز) پولیس نے لیاقت آباد نگینہ چوک کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے جاں بحق مقتول عظمت کے بھائی کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا۔
مقدمہ قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں مدعی نے مؤقف اپنایا ہے کہ میں اور میرا بھائی کراچی میں مزدوری کرتے ہیں، بھائی دیگر مزدوروں کے ساتھ کام کی تلاش میں نگینہ چوک پر موجود تھا جب موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے شہریوں سے لوٹ مار کی کوشش کی۔
درخواست گزار نے پولیس کو بتایا کہ لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر میرا بھائی جاں بحق اور دوسرا مزدور اقبال زخمی ہوگیا، مقتول عظمت کا آبائی تعلق سرگودھا سے تھا، مقتول چار بچوں کا باپ تھا۔