کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں پراپرٹی کے تنازع پر شہری نے بیوی کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔
ایس ایس پی ملیر طارق الہٰی مستوئی کے مطابق مشکور کا اپنی فیملی سے پراپرٹی کا تنازع تھا، مشکور نے مکان کی کھڑکی سے شور مچا کر کہا کہ میڈیا کو بلاؤ، پولیس نے اسے روکنے کی کوشش کی، کچھ ہی دیر میں فائرنگ کی آواز آئی تو پولیس سیڑھی لگا کر اندر پہنچی، دروازہ توڑا تو اندر سے میاں بیوی مردہ حالت میں ملے۔
طارق مستوئی کے مطابق دو سالہ بچہ محفوظ رہا، مشکور نے گھر کے دروازے بند کر رکھے تھے، مشکور کا اپنے والدین اور بھائیوں کے ساتھ جائیداد کا تنازع چل رہا تھا، مقتول کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے تھا، ان کے زمینداری کے معاملات بھی تھے، مشکور کے والدین نے اسے کریانے کی دکان بھی کھول کر دی تھی۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق استعمال کیا جانیوالا پسٹل غیر قانونی ہے، مزید تحقیقات کی جارہی ہے، رشتہ داروں کے مطابق نفسیاتی معاملات بھی تھے، اس مکان کا کرایہ بھی متوفی کے والدین دیتے تھے۔