ننکانہ صاحب: دیہاتیوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں پکڑا گیا

Published On 22 December,2023 04:24 am

ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) ننکانہ صاحب میں ڈاکوؤں اور دیہاتیوں کا آمنا سامنا ہو گیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں دھر لیا گیا۔

ننکانہ صاحب میں واربرٹن کے علاقے جھنگڑ لال میں 3 مسلح ڈاکو گاؤں میں آئے ہوئے مہمانوں کو لوٹ کر فرار ہو رہے تھے کہ شور مچنے پر دیہاتی اکٹھے ہو گئے اور ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کر دیا، ڈاکوؤں نے دیہاتیوں کو اپنے پیچھے آتا دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی۔

جوابی فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جبکہ ملزم کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، لوگوں نے پکڑے گئے ڈاکو کی درگت بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا، پولیس نے ملزم کو تھانے منتقل کر کے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا۔