ملتان : (دنیانیوز) سابق وزیراعظم اور رہنما پیپلز پارٹی یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ سب کیلئے یکساں ہونی چاہیے، پیپلزپارٹی کے بغیر کوئی جماعت حکومت نہیں بنا سکتی۔
ملتان میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نےکہا کہ الیکشن سے پہلے تاثر زائل ہونا چاہیے کہ کون سی جماعت اقتدار میں آئے گی، کسی جماعت کو ترجیح نہیں ملنی چاہئے، بلاول بھٹو نے بھی لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، الیکشن کمیشن پر صاف اور شفاف انتخابات کیلئے پریشر ڈالیں گے ، میں2027تک سینیٹر ہوں، میں نے اپنے آپ کو بطور امیدوار پیش کیا ہے، ہم پرفارمنس کی بنیاد پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی کاکہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو اور نوازشریف کے درمیان میثاق جمہوریت ہوا، ہم آئین کو دوبارہ اصل شکل میں لیکر آئے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی دوالگ جماعتیں ہیں جن کے اپنے اپنے منشور ہیں، عام انتخابات میں ہر ایک جماعت کا پروگرام علیحدہ ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی عوام کیلئے قربانیاں سب کے سامنے عیاں ہیں، ہم نے بھی جیلیں کاٹیں، نااہل ہوئے جس کا ذکر کبھی نہیں کیا، پیپلزپارٹی ایک جدوجہد کا نام ہے، ہم اقتدار کیلئے خدمت نہیں کرتے،ہم باہر رہ کر بھی خدمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے مظالم کے سامنے نئے سال کی خوشیاں معنی نہیں رکھتی، نئے سال میں سیاسی استحکام آنا ضروری ہے، سیاسی استحکام سے بھی معاشی استحکام آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب سینیٹ میں اقلیتوں کی کوئی نمائندگی نہیں تھی تب بینظیر بھٹو نے اقلیتوں کو سیٹیں دیں، تمام ساؤتھ پنجاب کے بشپ اور پاسٹرز کا شکر گزار ہوں، ساؤتھ پنجاب کی مسیحی کمیونٹی نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔