شادی کی آڑ میں بیرون ملک انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمہ گرفتار

Published On 16 January,2024 03:38 pm

میرپور: (سجاد قیوم خانپوری) شادی کی آڑ میں بیرون ملک انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہ کی ملزمہ کو میر پور آزاد کشمیر سے گرفتار کر لیا گیا۔

نرگس نامی لڑکی نے اپنی شناخت شعبان کے نام سے بنا رکھی تھی، لڑکوں والا بھیس بدل کر کشمیر کے مختلف علاقوں میں پہلے رشتے تلاش کرتی پھر نکاح کر کے سفری کاغذات تیار کر کے دلہن کو بیرون ملک بلوا کر آگے فروخت کر دیتی۔

ملزمہ نرگس اس بار لڑکی تلاش کرنے دوبارہ کشمیر پہنچی تو متاثرہ فیملی نے پولیس کو فوری شکایت درج کرا کر گرفتار بھی کرا دیا۔

دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزمہ لڑکے کا بھیس بدل کر پاکستان آتی، شادی کر کے دلہن کو بیرون ملک لے جا کر فروخت کر دیتی، متاثرہ فیملی نے پولیس کو درخواست دے رکھی ہے جس پر مقدمہ درج کیا گیا اور گرفتاری عمل میں آئی۔

مقدمہ میں متاثرہ فیملی کے سربراہ محمد رمضان نے کہا ہے کہ ملزمہ نرگس نے شعبان کے نام سے اپنی شناخت بنا رکھی تھی اس نے لڑکا بن کر رشتہ مانگا اور شادی کی، نکاح کے بعد بیٹی کا ویزا لگوا کر براستہ دبئی فرانس بھیجا جہاں علم ہوا کہ داماد لڑکا نہیں لڑکی ہے۔

لڑکی کے والد نے مزید بتایا کہ بیٹی کو گروہ نے تشدد کیا اور کئی مقامات پر فروخت کی کوشش کی، مدعی محمد رمضان کے مطابق فرانس میں بمشکل بیٹی کو محفوظ مقام پر منتقل کیا ہے۔