چنیوٹ: پولیس نے بڑھتے جرائم کو روکنے کیلئے انوکھا طریقہ ڈھونڈ لیا

Published On 28 February,2024 02:59 am

چنیوٹ: (دنیا نیوز) پنجاب کے شہر چنیوٹ میں پولیس نے بڑھتے ہوئے جرائم کو روکنے کیلئے انوکھا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔

ایس ایچ او تھانہ چنیوٹ سٹی اظہر عباس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ان کو پولیس موبائل پر ایک بازار میں گشت کے دوران لاؤڈ سپیکر پر اعلان کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

ایس ایچ او اظہر عباس لوگوں سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ رات 12 بجے کے بعد کوئی بلاوجہ گھر سے نکلا تو حوالات میں جائے گا، رات 12 بجے کے بعد ہسپتال کے علاوہ گھر سے باہر نہ نکلیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایس ایچ او تھانہ چنیوٹ سٹی اظہر عباس کو شہریوں سے پولیس سے تعاون نہ کرنے پر ٹانگیں توڑنے کی دھمکی دیتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے۔