ڈرگ فری پنجاب مہم، پولیس نے 209 ملزم گرفتار کر لیے

Published On 03 April,2024 08:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر ڈرگ فری پنجاب کی مہم جاری ہے۔

پنجاب پولیس نوجوان نسل کو نشے کی لت سے محفوظ رکھنے کیلئے منشیات ڈیلرز، سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن میں مصروف عمل ہے، لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس ٹیموں کے منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی آگئی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 447 چھاپے مارے گئے، منشیات کی سپلائی چین میں ملوث ملزموں کے خلاف 206 مقدمات درج کر کے 209 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔

منشیات ڈیلروں کے قبضے سے 151 کلوگرام چرس، آدھا کلو آئس، 5 کلو ہیروئن برآمد ہوئی، ملزموں سے 1 کلو افیون اور 2270 لٹر شراب بھی برآمد ہوئی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 37 روز کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 10745 چھاپے مارے گئے، منشیات فروشوں کے خلاف 5289 مقدمات درج ، 5690 ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔

ملزموں کے قبضے سے 3991 کلو گرام چرس، 22 کلو آئس، 72 کلو ہیروئن ، 177 کلو گرام افیون، 65 ہزار 556 لٹر شراب برآمد ہوئی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو منشیات کا زہر بیچنے والے عناصر کے خلاف آپریشنز میں تیزی کے احکامات جاری کیے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ سپلائی چین میں ملوث تمام ملزموں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں، تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گرد و نواح بطور خاص انسداد منشیات آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔