کراچی: (دنیا نیوز) کراچی، جیکب آباد اور ٹھٹھہ میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک، 3 زخمی حالت میں گرفتار جبکہ 3 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلال کالونی میں 2 مسلح ڈاکو لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ پولیس نے اطلاع ملنے پر تعاقب شروع کر دیا، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزموں نے گولیاں چلانی شروع کر دیں۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم دم توڑ گیا جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے، ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی، لاش کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کے علاقے گلشن اقبال چورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری قتل
ادھر کراچی کے تھانہ مومن آباد کی حدود میں ایرانی کیمپ کے قریب پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا جبکہ دوسرا فرار ہو گیا، پولیس نے گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کیلئے تھانے منتقل کر دیا۔
دوسری جانب جیکب آباد کے تھانہ صدر کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جس کی شناخت جاوید مغیری کے نام سے ہوئی، گرفتار ملزم ایک درجن سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔
ٹھٹھہ دھابیجی کوسٹل ہائی وے پر فائرنگ کے تبادلے کے بعد خطرناک ڈاکو حفیظ کھوسو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا جبکہ ایک ڈاکو گولیاں لگنے کے باوجود فرار ہو گیا، پولیس نے زخمی ڈاکو کو گھارو ہسپتال منتقل کر دیا۔