اسلام آباد :(ویب ڈیسک ) موٹروے پولیس کے اہلکار کو گاڑی سے ٹکر مارنے والی خاتون کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا ہے۔
علاقہ مجسٹریٹ ڈاکٹر محمد ممتاز ہنجرا کی عدالت نے گرفتار خاتون فرح کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا۔
فرح نامی خاتون ملزمہ کو گزشتہ روز دارالحکومت اسلام آباد سے راولپنڈی پولیس نے گرفتار کیا تھا،ان کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں موٹروے پولیس سے بدتمیزی، تلخ کلامی اور گاڑی دوڑانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمہ گرفتاری سے بچنے کے لیے مفرور ہو گئی تھیں، جن کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، ملزمہ سے وقوعہ میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔