اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تمام افسران کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے 7 دن کا الٹی میٹم دے دیا۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود ترجیح ہوگی۔
علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہدا کے بچوں کی شادیوں میں پولیس افسران شرکت کریں گے، شہدا کے بچوں کے سکولوں میں پیرنٹس ٹیچر میٹنگ میں اسلام آباد پولیس کا نمائندہ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کے بچوں کو مفت تعلیم، سکالر شپس دی جائیں گی، فورس کی تنخواہوں میں اضافہ میری ترجیحات میں شامل ہے، ہر افسر باوردی فیلڈ میں نظر آنا چاہئے، ایف سکس خدمت مرکز 24 گھنٹے عوامی خدمت کیلئے کھلا رہے گا۔
سید علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ کرپشن، قبضہ مافیا، عوام کے ساتھ بدتمیزی پر زیرو ٹالرنس ہوگی، سی ٹی ڈی کو پیشہ وارانہ تربیت دی جائے گی، بیرون ملک تربیت حاصل کرنے والے افسران کو پولیس کالج میں تعینات کیا جائے گا۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ بیرون ملک فرار اشتہاریوں کو واپس لایا جائے گا، ضلع بھر میں 25 سے 45 سال عمر کے آفیسرز نائٹ پٹرولنگ آفیسرز تعینات کئے جائیں گے۔