اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد پولیس نے منشیات ڈیلروں کیخلاف کارروائی کر کے دس سالوں میں پہلی بار 15 بااثر منشیات ڈیلر گرفتار کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے گزشتہ دس سالوں میں پہلی بار 24 گھنٹوں کے مختصر ترین وقت میں بااثر منشیات ڈیلرز کیخلاف کارروائی کی، گرفتار ہونے والے منشیات ڈیلر تعلیمی اداروں سمیت ڈرگ پارٹیز میں منشیات سپلائی کرنے میں ملوث ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈیلرز سے بھاری تعداد میں اسلحہ، کرسٹل، چرس، نشہ آور گولیاں اور درجنوں کارٹن شراب برآمد کر لی، گرفتار ہونے والوں میں انٹرنیشنل ڈرگ مافیا کے کارندے بھی شامل ہیں، منشیات ڈیلرز سے دیگر بین الصوبائی منشیات مافیا کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا۔
وفاقی پولیس نے گزشتہ کئی عرصے بعد نامی گرامی منشیات ڈیلرز پر ہاتھ ڈالا، ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ اوز سمیت ایس پیز کو منشیات کیخلاف ٹاسک سونپا، ایس پیز تھانوں میں خود نگرانی کریں، ڈی آئی جی ایس ایس پی آپریشنز کو تحقیقات کی مکمل جانچ پڑتال کا نگران مقرر کر دیا۔