منڈی بہاؤالدین : (دنیانیوز) منڈی بہاؤالدین پولیس تھانہ ملکوال نے کشتی اُلٹنے کے حادثے کا مقدمہ درج کر لیا۔
منڈی بہاؤ الدین واقعہ کا مقدمہ رضوان حیدر ساکن سگھر پور کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق کشتی دریائے جہلم میں سگھر پور سے نور پور پیراں ملکوال آ رہی تھی، کشتی بیڑے میں پانی داخل ہونے سے کار دریائے جہلم میں جا گری، جس کے نتیجے میں کار میں سوار ایک ہی خاندان کے 6 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
ایف آئی آر متن میں کہا گیا ہے کہ جاں بحق افراد میں عظمت بی بی، شہناز بی بی، غیور، شاہ میر، رعنا شہیر شامل ہیں ، چپو بیڑا پر کار میں موجود فیملی سمیت سوار ہوئے، اس پر 25 سے 30 موٹرسائیکل لوڈ تھے، سگھر پور دریا کے کنارے ایک انجن اور دوسرا چپو والا بیڑا تھا ، بدقسمت خاندان کے افراد کار سمیت چپو والے بیڑے پر سوار ہوئے۔
ایف آئی آر متن کے مطابق دوسرے انجن والے بیڑے پر 50 سے 60 افراد سوار تھے ، کشتی بیڑے میں حفاظتی جیکٹ اور جنگلے نہ ہونے سے حادثہ پیش آیا۔