پنجاب حکومت کا رواں سال لاہور میں الیکٹرک اور ہائبرڈ بسیں چلانے کا اعلان

Published On 16 May,2024 11:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں حکومت نے رواں سال میں لاہور اور دیگر شہروں میں الیکٹرک اور ہائبرڈ بسیں چلانے کا اعلان کر دیا۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ کی زیر صدارت ہوا، وقفہ سوالات میں وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ایوان کو بتایا کہ لاہور میں رواں سال 27 الیکٹرک بسیں سڑکوں پر ہوں گی، دیگر اضلاع میں ہائبرڈ بسیں بھی چلائی جائیں گی۔

اپوزیشن رکن بریگیڈیئر ریٹائرڈ مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ لاہور کے علاوہ تمام شہر ٹرانسپورٹ کی سہولت سے محروم ہیں، صوبائی فنانس کا تمام پیسہ لاہور پر خرچ کیا جا رہا ہے جبکہ رانا آفتاب نے کہا کہ حکومت بسوں کی پالیسی تو متعارف کروا رہی ہے مگر تمام بڑے شہروں میں ٹریفک جام رہتی ہے۔

ایوان میں اپوزیشن رکن اویس ورک ، رانا آفتاب احمد خان اور حافظ فرحت عباس کے پولیس کے حوالے سے متعدد توجہ دلاؤ نوٹسز میں پولیس کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پنجاب انفارمیشن کمیشن، پنجاب پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپورٹس ایوان میں پیش کیں، ایجنڈا مکمل ہونے پر ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے اجلاس جمعہ کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا۔