لاہور: (دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل حل کرنا ترجیح ہے، ممکنہ وسائل ضرور فراہم کریں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات میں عمومی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ارکان اسمبلی نے متعلقہ حلقوں کے مسائل اور عوامی ضروریات سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو آگاہ کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ گلی محلے، شہروں اور دیہات کی صفائی ستھرائی کا پائیدار نظام وضع کر رہے ہیں، ڈویژنل ہیڈکوارٹر اور بڑے شہروں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر گلی محلے کو صاف دیکھنا چاہتی ہوں جس پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا، عوام کے مسائل حل کرنا ترجیح ہے اور اس کیلئے ممکنہ وسائل ضرور فراہم کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ ساہیوال میں فراہمی و نکاسی آب کا جدید ترین پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے جبکہ ملتان، جہانیاں، وہاڑی اور دیگر شہروں کیلئے ملتان وہاڑی ایکسپریس وے بنائیں گے، سیالکوٹ کے ہسپتال میں کیتھ لیب اور کارڈیالوجی کی دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں جہانیاں کے ایم این اے چودھری افتخار نذیر، ساہیوال کے ایم پی اے قاسم ندیم، لاہور کے ایم پی اے محمد شعیب صدیقی، سیالکوٹ کے ایم پی اے خرم خان ورک شامل تھے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، معاون خصوصی ذیشان ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔