کراچی: (دنیانیوز) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پان کی دکان میں پولیس موبائل میں سوارسادہ لباس افراد کی لوٹ مار کا واقعہ پیش آیا ہے جس کا مقدمہ درج کرلیاگیا۔
گلشن اقبال تھانے میں پان کی دکان پر پولیس موبائل میں سوارسادہ لباس افراد کی لوٹ مار کے واقعہ کا مقدمہ پان شاپ کے مالک شاہ زیب کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ میری شاپ فائیو سٹار پان شاپ کے نام سے سوانہ سٹی کے کارنر پر ہے، میں پان اور سگریٹ فروخت کرتا ہوں، 2 جون کو سادہ لباس افراد آئے اور میرے غلے سے 7 ہزار روپے نکال کر لے گئے۔
مدعی مقدمہ نے کہا کہ رات پھر پولیس موبائل میں 3 افراد آئے جن میں سے ایک شخص میری دکان میں کود کر داخل ہوا، مذکورہ شخص نے اندر آنے کے بعد دکان کا دروازہ کھولا اور مجھے باہر لے آیا، دوسرا شخص دکان میں داخل ہوا اور شاپ سے مختلف 50 ہزار مالیت کی سگریٹ اور 15 ہزارغلے سے نکالے، سادہ لباس اہلکاروں نے لوٹ مار کے بعد مجھے موبائل میں پیچھے بٹھایا، سادہ لباس اہلکار مجھےگلشن چورنگی لےکر آئے میری جیب سے مزید 10 ہزار روپے نکالے اور مجھے تشدد کا نشانہ بنایا اور وہیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔