کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں پان کی دکان سے لوٹ مار کے الزام میں ڈی ایس پی ظفر جاوید کو معطل کر دیا گیا۔
آئی جی سندھ نے ڈی ایس پی ظفر جاوید کو معطل کر دیا ہے، پان کی دکان میں لوٹ مار کے الزام میں ڈی ایس پی ظفر جاوید بیٹے سمیت گرفتار ہیں۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر کو اس معاملے میں انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا ہے، ڈی آئی جی سی آئی اے کو 15 دن میں مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13 ڈی میں 2 روز قبل پان شاپ میں لوٹ مار کی واردات کا مقدمہ پان شاپ کے مالک کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
دکاندار نے بتایا کہ اس واردات میں اسے 70 ہزار روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے، یہی لوگ رواں ماہ کی 2 تاریخ کو بھی مجھ سے لوٹ مار کر کے گئے۔
دکان مالک کا کہنا تھا کہ کیبن میں آتے ہی انہوں نے مجھے باہر جانے کا کہا، میں نے انکار کیا تو موبائل چھین لیا۔