لاہور: (دنیا نیوز) انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی ایس پی ڈسکہ کو معطل کر دیا، ساہیوال میں 2 خواتین کے قتل کا نوٹس بھی لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے ڈی ایس پی ڈسکہ سادات علی کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور ناقص کارکردگی پر معطل کیا گیا ہے، ڈی ایس پی سادات علی کو فوری عہدے کا چارج چھوڑنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ساہیوال میں گھریلو تنازع پر خاوند کی فائرنگ سے بیوی اور سالی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور آر پی او ساہیوال سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
آئی جی پنجاب نے ملزم کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔