گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ میں بجلی کے بل نے بھائی کے ہاتھوں سگے بھائی کا قتل کروا دیا۔
تفصیلات کے مطابق قتل کا افسوسناک واقعہ گوجرانوالہ کے علاقے پرنس روڈ میں پیش آیا جہاں دو بھائی ایک ہی گھر میں ساتھ رہتے تھے، گھر کا بل 30ہزار روپے آ گیا اور بل کی ادائیگی کے معاملے پر دونوں بھائیوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔
جھگڑے کے دوران بڑے نے چھوٹے بھائی کو تیز دھار آلے سے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا، واقعے کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، مرنے والے کی شناخت عمر کے نام سے ہوئی جبکہ ملزم کا نام مرتضیٰ بتایا جا رہا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد لاش کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے چھوٹے بھائی کو بل ادا کرنے کا کہا تو دونوں میں جھگڑا ہو گیا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ لڑائی کے دوران ملزم مرتضیٰ نے خنجر کے وار کے عمر کو موت کے گھاٹ اتارا اور فرار ہو گیا، ملزم کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جلد اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔