نوشہرہ: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) اظہر خان کا کہنا ہے کہ صحافی ملک حسن زیب کے قتل میں ملوث باپ اور بیٹا گرفتار ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 14 جولائی کو صحافی ملک حسن زیب کو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، صحافی پر فائرنگ کا واقعہ اکبرپور کے علاقے میں پیش آیا تھا۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ پولیس نے صحافی قتل کیس کو 10دن میں نمٹا دیا، صحافی حسن زیب کو پلاٹ کے ذاتی لین دین کے تنازع پر قتل کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر نے کہا کہ صحافی نے 37 لاکھ روپے میں ملزمان کو پلاٹ فروخت کیا تھا، رقم کی ادائیگی میں تاخیر پرنوبت لڑائی جھگڑے تک جا پہنچی، لڑائی جھگڑے، گالم گلوچ اور دھمکیوں کی رنجش پر حسن زیب کو قتل کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا ہے، ملزمان نے بتایا مقتول کی پہلی بیوی کا بھائی بلال بھی قتل میں ملوث ہے، ملزم بلال نے اجرتی قاتل کی سہولت فراہم کی، بلال کی تلاش جاری ہے، اجرتی قاتل کو ایک لاکھ روپے دیا گیا۔
ڈی پی او اظہر خان نے بتایا کہ مقتول حسن زیب کے کاروباری لین دین کے معاملات بھی زیادہ تھے، مقتول حسن زیب موبائل فون، الیکٹرونکس اور موٹرسائکلیں قسطوں پر فروخت کرتا تھا۔