کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ملزم ہلاک، 2 کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا جبکہ لیاری گینگ وار کا اہم کارندہ بھی پکڑا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کھوکھرا پار میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا، اس دوران گولیاں لگنے سے ایک خطرناک ملزم مارا گیا، ہلاک ڈاکو کی شناخت راشد کے نام سے ہوئی جو مختلف نوعیت کی سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے جنہیں حراست میں لے لیا گیا، پولیس نے دونوں کو طبی امداد کے بعد تھانے منتقل کر دیا جہاں مزید تفتیش جاری ہے۔
ادھر کراچی کے علاقے چاکیواڑہ میں پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد کارروائی کر کے لیاری گینگ وار زاہد لاڈلہ گروپ کا کارندہ گرفتار کر لیا، ملزم سے ایک گرینیڈ بم برآمد ہوا، ملزم علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے، اقدام قتل، ڈکیتی، منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمات میں مطلوب تھا۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزم لیاری گینگ زاہد لاڈلا گروپ کا اہم سرگرم کارندہ ہے، ملزم اس سے قبل بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔