گھوٹکی: پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کے حملے میں 2 اہلکار جاں بحق

Published On 28 July,2024 10:03 am

گھوٹکی: (دنیا نیوز) گھوٹکی میں پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کے حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق سندھ کے علاقے گھوٹکی کچے کے تھانہ آندل سندرانی کے حفاظتی بند پر قائم پولیس چوکی پر ایک درجن سے زائد ڈاکوؤں نے رات گئے جدید اسلحے سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں فائرنگ سے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہید اہلکاروں میں ظہیر تھہیم اور عبدالقادر مہر شامل ہیں۔

ایس ایس پی گھوٹکی سمیر نور چنہ کے مطابق پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس میں ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، پولیس کی بھاری نفری کو طلب کر لیا گیا جبکہ زخمی ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے۔

نماز جنازہ ادا
دوسری جانب ڈاکوؤں کے حملے میں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی، نمازجنازہ میں پولیس کے افسران، اہلکاروں اور شہریوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

ایس ایس پی گھوٹکی نے کہا کہ ڈاکو راحب شر کے کئی ٹھکانے تباہ کئے ہیں، ڈاکوؤں کو جلد منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔