لاڑکانہ: (دنیا نیوز) لاڑکانہ میں دو مختلف مقامات پر فائرنگ کر کے 2 نوجوانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے علاقے نصیر آباد میں کاروکاری کے تنازعے پر مخالفین نے بھائیوں کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں ایک موقع پر دم توڑ گیا جبکہ 2 شدید زخمی ہوئے ہیں، مرنے والے نوجوان کی شناخت 24 سالہ سراج کے نام سے ہوئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔
دوسری جانب لاڑکانہ کے علاقے لاشاری میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزموں نے فائرنگ کر کے نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا، مقتول کی شناخت حمزہ کے نام سے ہوئی، تاحال قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔