کراچی : (دنیانیوز) سندھ رینجرزاور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم غنی خان گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرزسندھ اور پولیس کا ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے ، رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سعدی ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کی ، گرفتار ملزم غنی خان کے قبضے سے7 موبائل فونز اور ایک پسٹل پاؤچ بھی برآمد ہوا ۔
ترجمان رینجرز کاکہنا ہے کہ ملزم نے سعدی ٹاؤن میں واقع ڈاکٹر محمد علی لارِک کلینک پر ڈکیتی میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے ، ملزم 13مارچ کو پولیس کے ساتھ اِن کاؤنٹر میں زخمی حالت میں فرار ہوگیاتھا۔
ترجمان کے مطابق ملزم عادی مجرم ہے اورمتعدد ایف آئی آرز میں پولیس کو مطلوب تھا، ملزم کو بمعہ مسروقہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔