کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں 2 کروڑ کی ڈکیتی کی وارات کے دوران فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
گلستان جوہر میں بلڈر کی کیش وین لوٹنے کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، گولیاں لگنے سے سکیورٹی گارڈ سمیت 2 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ایک شہری زخمی بھی ہوا۔
سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ پولیس نے زخمی سمیت دو ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، واردات کے دوران 2 کروڑ کی رقم لٹنے سے محفوظ رہی جبکہ رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 89 ہوگئی۔
واردات کے بارے میں ایس ایچ او فیصل گل نے بتایا کہ بلڈر کا عملہ کیش وین میں 2 کروڑ روپے لے کر جا رہا تھا کہ اس دوران راشد منہاس روڈ میلینئم مال یوٹرن کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر 3 ڈاکوؤں نے کیش وین کو روکنے کے لئے ٹائروں پر فائر مار کر انہیں برسٹ کر دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کیش وین میں موجود سکیورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ اور 2 راہگیر زخمی ہوگئے، سکیورٹی گارڈ مبین اور راہگیر 55 سالہ عبدالوحید دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی جبکہ گرفتار زخمی ڈاکو کی شناخت 25 سالہ نوید کے نام سے کی گئی ہے، پولیس نے ڈاکوؤں کی موٹر سائیکلیں اور اسلحہ اپنے قبضے میں لے لیا۔