کراچی : (دنیانیوز) ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے 2 مختلف کاروائیوں میں گداگری اور جعلی دستاویزات پر سفر کرنے کی کوشش کرنیوالے 8 مسافر گرفتار کرلیے۔
حکام کے مطابق پہلی کارروائی میں عمرہ کی آڑ میں بھیک مانگنے کے غرض سے سعودی عرب سفر کرنے والے 5 مسافر گرفتار کرلیے گئے ، مسافروں کی شناخت نوری انور، آسیہ بی بی، ثمینہ بی بی، سکینہ بی بی اور محمد اکرم کے نام سے ہوئی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان ملزمان ہوٹل بکنگ کے حوالے سے کسی قسم کی دستاویزات دینے میں ناکام رہے جبکہ سفری اخراجات کے حوالے سے بھی حکام کو مطمئن نہ کر سکے، ملزمان کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔
ایک اور کاروائی میں جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے 3 مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا ، مسافروں کی شناخت سلمان، محمد نعمان اور محمد حسین کے نام سے ہوئی ، محمد حسین کے موبائل فون سے جرمنی کا جعلی ویزا برآمد کر لیا گیا، ملزمان سٹڈی ویزے پر آذربائیجان جا رہے تھے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والے عاصم نامی ایجنٹ سے دستاویزات بنوانے کے لیے ڈیل کی، عاصم نامی ایجنٹ نے گرفتار ملزمان کے لئے آذربائیجان کے سٹڈی ویزوں کا بندوبست کیا، ملزمان کو آذربائیجان پہنچنے پر جرمنی کے ویزے ملنے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لیے عاصم نامی ایجنٹ کو سلمان اور نعمان نے 3 لاکھ فی کس جبکہ محمد حسین نے 8 لاکھ روپے ادا کئے ، محمد حسین سٹی پولیس پشاور کا ملازم ہے تاہم اس نے پرائیویٹ پاسپورٹ پر سفر کرنے کی کوشش کی ، محمد حسین نامی ملزم بغیر این او سی کے سفر کر رہا تھا ۔
ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔