کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں دیرینہ رنجش پر نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔
سرجانی ٹاؤن کے علاقے سرجانی سیکٹر ٹو 52A پٹی کچے راستے پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزموں نے موٹرسائیکل سوار نوجوان کو سینے پر گولی مار کر قتل کردیا اور موقع سے فرارہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول کی شناخت 25 سالہ محمد خالد ولدمحمد بخش کے نام سے ہو ئی، جس مقام پر نوجوان کو قتل کیا گیا وہ راستہ سنسان اور جھاڑیوں والاہے، مقتول مذکورہ راستے سے شہر کی جانب سے آرہا تھا اور اپنے گھر کی جانب جارہا تھا، مقتول جالائی گوٹھ کا رہائشی تھا، ابتدائی طور پر قتل ذاتی رنجش کا نتیجہ بتایا جاتا ہے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ملزم مقتول سے کچھ چھینے بغیر موقع سے فرارہوئے ہیں، مقتول کی موٹرسائیکل، موبائل فون سمیت دیگر سامان موجود ہے تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کررہی ہے۔