پنوعاقل: (دنیا نیوز) ایس ایس پی سکھر کی سربراہی میں سکھر پولیس اور رینجرز کا گدپور کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔
آپریشن یاسین تیغانی گینگ کے خلاف کیا جا رہا ہے، ایس ایس پی سکھر اور ونگ کمانڈر رینجرز کی کمانڈ میں کچہ میں ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کی طرف پیش قدمی جاری ہے۔
ایس ایس پی سکھر کے مطابق آپریشن میں بکتر بند گاڑیوں اور جدید مشینری سمیت پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہے، یاسین تیغانی گینگ کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی متعدد پناہ گاہوں اور مغویوں کو باندھ کر رکھنے والی جگہوں کو تباہ کیا گیا ہے، آپریشن کے دوران پولیس رینجرز اور ڈاکوؤں کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
ایس ایس پی سکھر نے مزید بتایا کہ ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جرائم پیشہ افراد کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال بحال ہونے تک جاری رہے گا۔