شہری سے واردات کر کے فرار ہونیوالے ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

Published On 19 December,2024 09:30 am

ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) شہری سے واردات کرکے فرار ہونیوالے دو نامعلوم ملزمان مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ننکانہ صاحب میں شہری نے 15 پر کال کر کے اطلاع دی کہ 4 نامعلوم ملزمان اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل اور نقدی وغیرہ چھین کر فرار ہوگئے ہیں، 15 کی کال پر تھانہ صدر ننکانہ کے علاقہ میں نائٹ گشت پر موجود پولیس ٹیموں نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے فوری طور پر ناکہ بندی کی۔

ترجمان نے بتایا کہ پولیس کے تعاقب کرنے پر تختو والا دس مربع روڈ کے قریب مبینہ طور پر ملزمان نے پولیس پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی، جوابی فائرنگ کے دوران دو نامعلوم ملزمان مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ دو فرار ہو گئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ہونیوالے ملزمان کے قبضہ سے دوران واردات چھینا گیا موٹر سائیکل نقدی اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا، کرائم سین یونٹ اور فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں جبکہ مزید کارروائی جاری ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ہلاک ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے فرار ہونیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیمیں کارروائی میں مصروف ہیں۔