لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس کا نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنِگ کرنے والوں کے خلاف شکنجہ تیار کر لیا، سپیشل ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ اور ون وینِگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا، پنجاب پولیس نے رواں سال ہوائی فائرنگ اور ون ویلنِگ کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سینکڑوں قانون شکن گرفتار کئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف 3595 مقدمات درج، 5412 افراد گرفتار کئے گئے، 3865 ملزمان کو سزائیں دلوائی گئیں، 2816 مقدمات کا چالان مکمل کیا گیا۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے مزید بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف 523 مقدمات درج اور 572 افراد کو گرفتار کیا گیا، صوبہ بھر میں ون ویلنِگ میں ملوث افراد کے خلاف 3170 مقدمات درج، 3365 افراد گرفتار کئے گئے، لاہور میں ون ویلنِگ میں ملوث افراد کے خلاف 1641 مقدمات درج کئے گئے، 1569 افراد کو گرفتارکیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنِگ کی ہرگز اجازت نہیں، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزم کسی رعایت کے مستحق نہیں، آر پی اوز، ڈی پی اوز ناجائز اسلحہ کی خریدو فروخت کرنے والے افراد پر کڑی نظر رکھیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ والدین اپنے بچوں کو ون ویلنِگ کی جان لیوا سرگرمیوں میں ہرگز ملوث نہ ہونے دیں۔