لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید دھند، حد نگاہ کم ہونے پر موٹر ویز متعدد مقامات سے بند

Published On 29 December,2024 08:09 am

لاہور: (سامیا سعید) لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید دھند کا راج ہے، حد نگاہ کم ہونے سے موٹر ویز متعدد مقامات سے بند ہیں۔

ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹر وے ایم 2 پر لاہور سے کوٹ مومن تک داخلہ ممنوع ہے، موٹر وے ایم تھری لاہور سے درخانہ تک ٹریفک کیلئے بند ہے۔

موٹر وے ایم 4 دھند کے باعث پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند کر دی گئی، سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 پر بھی نو انٹری کا بورڈ آویزاں ہے۔

اس کے علاوہ قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ انتہائی کم ہے، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، بہاولنگر میں دھند میں راستے گم ہوگئے جس کے باعث ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پنجاب، خیبرپختونخوا میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 40 افراد زخمی

ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں، ڈرائیور حضرات گاڑی کے آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں۔

سید عمران احمد نے کہا کہ عوام غیر ضروری سفر سے گریز اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔

دوسری جانب لاہور میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، کم سے کم درجہ حرارت 7 اور زیادہ سے زیادہ 18 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جکبہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بارش برسنے کے 10 فیصد امکانات ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 97 فیصد تک جا پہنچا، ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔