لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم ٹو اور ایم تھری ٹریفک کیلئے مکمل بند کر دی گئیں۔
اس حوالے سے ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر وے ایم ٹو لاہور سے ہرن مینار تک دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے جبکہ موٹر وے ایم 3 کو بھی لاہور سے جڑانوالہ تک دھند کی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق موٹر ویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں، غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب آلودگی کے اعتبار سے لاہور پاکستان میں تیسرے نمبر پر آ گیا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 255 ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج صوبائی دارالحکومت کا کم سے کم درجہ حرارت 5 اور زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد تک جا پہنچا، ہوا کی رفتار 8 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔