لاہور: پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ، انتہائی خطرناک شوٹر مارا گیا

Published On 16 January,2025 12:59 am

لاہور: (دنیا نیوز) آرگنائزڈ کرائم یونٹ سٹی کوتوالی اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس حکام کے مطابق شیخوپورہ میں دہشت کی علامت سمجھا جانے والا قتل، اقدام قتل،اغواء میں مطلوب انتہائی خطرناک شوٹر اشتہاری ملزم اعظم علی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

حکام نے بتایا کہ پولیس ٹیم ملزم کو مال مسروقہ و اسلحہ کی برآمدگی کیلئے علاقہ تھانہ گجرپورہ لے جارہی تھی، نامعلوم ملزمان نے اپنے زیر حراست ساتھی شوٹر کو چھڑوانے کے لئے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، ملزم کے ساتھیوں کی فائرنگ سے اعظم علی شدید زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جو راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

ڈی ایس پی نے بتایا کہ ہلاک ملزم قتل، اقدام قتل، اغواء، دہشت گردی، منشیات سمگلنگ جیسے سنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا، ہلاک ملزم لاہور، شیخوپورہ میں دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل ہلاک ہونے والے ملزم نے مصری شاہ کے علاقے میں دوران ڈیوٹی ڈولفن اہلکار کو فائر مار کے زخمی کردیا تھا، ہلاک ملزم شیخوپورہ میں قتل کی متعدد وارداتوں میں اشتہاری تھا، ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے جبکہ سرکاری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔

ہلاک ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔